بھٹکل:23؍جون (ایس اؤ نیوز)ریاست میں دن بدن کووڈ-19وائرس بے تحاشہ پھیل رہاہے جس کو لےکر طلبا اور والدین خوف میں مبتلا ہیں۔ اس لئے جون 25سے شروع ہونےو الی ایس ایس ایل سی امتحان کو ملتوی کرنے کا مطالبہ لے کر کیمپس فرنٹ آف انڈیا (سی ایف آئی)بھٹکل شاخ نے پیر کو تحصیلدار کی معرفت ریاستی حکومت کو میمورنڈم سونپا۔
میمورنڈم میں تحریر کیاگیا ہے کہ کورونا وائرس کے متاثرین میں اضافہ ہوتے دیکھ کرعوام جہاں خوف میں مبتلا ہیں وہیں معمول پر لوٹنے میں دشواری محسوس کررہے ہیں۔ حکومت کی طرف سے ابھی تک کوئی واضح احکامات جاری نہیں کئے جارہے ہیں۔ دوسری طرف عوام طبعی دوری کو برقرار نہیں رکھ پارہےہیں۔ ایسے میں طلبا اپنے تعلیمی مستقبل کو لےکر پیچیدگی کا شکار ہیں۔ اسی وائرس کو لے کر طلبا اور والدین ایس ایس ایل سی امتحانات میں شرکت کرنے سے احترازبھی کررہے ہیں۔ایس ایس ایل سی امتحان لکھنے کے لئے مختلف جگہوں سےطلبا ایک جگہ جمع ہوتےہیں، ریاستی سرحدوں کو پار کرکے طلبا شریک ہونگے۔ چونکہ طلبا کا ذہن امتحان لکھنے میں مگن رہتاہے ایسے میں وہ طبعی فاصلے کی طرف زیادہ توجہ نہیں دینےکا خدشہ ہے۔ انہی وجوہات کو لےکر گزشتہ منعقد ہوئی پویی سی دوم کے امتحانات میں ہزاروں طلبا امتحانات میں غیر حاضر رہنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ان تمام وجوہات پر غور کرتےہوئے طلبا کی خاطر ایس ایس ایل سی امتحانات کو ملتوی کرنے میمورنڈم میں زور دیاگیا ہے۔ تحصیلدار ایس ، روی چندر نے میمورنڈم وصول کیا۔ سی ایف آئی کے محمد عرفان وغیرہ موجود تھے۔